ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سورتکل سمندر میں خطرناک اشیاء بردار کارگو جہاز میں لگی آگ - ساحلی علاقے میں جاری ہوا ہائی الرٹ

سورتکل سمندر میں خطرناک اشیاء بردار کارگو جہاز میں لگی آگ - ساحلی علاقے میں جاری ہوا ہائی الرٹ

Sat, 27 Jul 2024 10:51:34    S.O. News Service

اڈپی ، 27 / جولائی (ایس او نیوز) سورتکل کے سمندری علاقے میں خطرناک اشیاء لے جا رہے ایک کارگو جہاز میں آگ لگنے کے بعد ساحلی اضلاع کے لئے ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ خطرناک اشیاء انٹرنیشنل میری ٹائم ڈینجَرَس گوڈس (آئی ایم ڈی جی) زمرہ نمبر 4 سے لدا ہوا کارگو جہاز گجرات کی موندرا بندرگاہ سے روانہ ہوا اور سری لنکا کے کولمبو کی طرف جا رہا تھا ۔ جب یہ جہاز بحیرہ عرب میں نیو منگلورو پورٹ سے دور سورتکل سے 33 ناٹیکل دوری پر تھا تو اس میں آگ لگی ۔ 
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق  پنامہ کے جھنڈے والے ایم وی ایم  فرینکفرٹ نامی کارگو جہاز پر 19 جولائی سے لگی ہوئی آگ  کو انڈین کوسٹ گارڈ نے 40 گھنٹے تک مسلسل مشقت کے بعد بحھا دیا ہے ۔ مگر حالات کی برابر نگرانی کی جا رہی ہے ۔ کیونکہ جہاز میں آتش گیر مادہ بھرا ہوا ہے جو مائع  اور ٹھوس شکل میں موجود ہے ۔ اس وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر دوبارہ اس میں آگ بھڑکتی ہے تو پھر ساحلی علاقے اور سمندر کے لئے بڑی خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ 
    
اڈپی کی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ودیا کماری نے کوسسٹ گارڈ، سی آر زیڈ افسران، محکمہ ماحولیات اور بندرگاہ سے متعلقہ افسران کو اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کرنے اور کوئی ناگوار صورتحال پیش آنے پر اس سے نپٹنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ 
    
ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین کوسٹ گارڈ کی طرف سے پوری طرح حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اس کارگو جہاز کے بحفاظت اس علاقے سے نکلنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ 
    
ملپے کوسٹ گارڈ کے ایس پی متھن ایچ این نے بتایا کہ اس وقت جہاز میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے ۔ اس جہاز پر جملہ 21 افراد کا عملہ تھا جس میں سے ایک شخص کی موت ہونے یا لاپتہ ہوجانے کی بات سامنے آئی ہے ۔ جہاز سے کسی قسم کے مادہ یا تیل کا رساو نہیں ہو رہا ہے ۔  ماہرین حالات کا تجزیہ کر رہے ہیں ، ان کی رپورٹ کے مطابق اگلے اقدامات کیے جائیں گے ۔ ہم ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔  


Share: